چہلمِ امام حسینؓ: جلوسوں کے راستوں سے بارش کا پانی، کیچڑ اور رکاوٹیں فوری ختم کی جائیں، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی ہدایت
بہاولنگر : ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے ہدایت کی ہے کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں کے تمام راستوں کو بارش کے پانی، کیچڑ اور ہر قسم کی رکاوٹ سے فوری طور پر صاف کیا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کے افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں میں چہلم کے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کرتے ہوئے واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مشینری اور عملہ ہر وقت متحرک رکھا جائے اور تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے جلوسوں کے راستوں پر صفائی، نکاسی آب، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور گزشتہ روز ہونے والی بارش کے باعث مختلف مقامات پر جمع ہونے والے پانی کی فوری نکاسی کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ چہلم کے موقع پر عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی، صاف ستھرے راستوں اور مؤثر انتظامات کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔