سرکاری امور میں شفافیت، رفتار اور مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ضروری ہے: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگرسید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اور ڈیجیٹلائزیشن کے وژن کے مطابق سرکاری امور میں شفافیت، رفتار اور مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنانا ضروری ہے چنانچہ تمام محکمے اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے مقررہ اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دیں۔انہوں نےوزیراعلیٰ پنجاب کے PSIs، E-FOAS اور E-Biz پروگرامز کے حوالے سے پیش رفت کے ویڈیو لنک جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ متعلقہ افسران PSIs، E-FOAS اور E-Biz سے متعلق مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کے علاوہ تمام ڈیٹا و ریکارڈ بروقت اپ ڈیٹ رکھیں۔
اجلاس میں ضلع بہاولنگر میں وزیراعلیٰ پنجاب کے متعلقہ اقدامات اور ڈیجیٹل گورننس سے منسلک مختلف اشاریوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے جاری اقدامات، مقررہ اہداف اور اب تک حاصل ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنرنے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال اورمحکمہ جیل خانہ جات سے متعلق اجلاس کے دوران ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی، علاج معالجہ اورمحکمہ جیل خانہ جات سے متعلق امور سے متعلق افسران سے کارکردگی، سہولیات اور انتظامی معاملات کے بارے میں بریفنگ لی۔