مون سون کے دوران شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح، تمام ادارے ہائی الرٹ رہیں: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر

بہاولنگر (نمائندہ خصوصی): ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مون سون کے دوران شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں بروقت سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے مکمل الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات یقینی بنائیں۔

ڈی سی آفس میں مون سون بارشوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی فوری نکاسی، ڈسپوزل اسٹیشنز، ڈی واٹرنگ سیٹس اور مشینری کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے محکمہ صحت کو ممکنہ وبائی امراض سے بچاؤ، ادویات کی دستیابی اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی، جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام اور میونسپل اداروں کو صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے، نالوں اور ڈرینوں کی بروقت صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

سید محمد عباس شاہ نے واضح کیا کہ غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران فیلڈ میں موجود رہ کر عوام کو فوری ریلیف فراہم کریں۔

اجلاس میں مون سون کے دوران نکاسی آب، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، مشینری کی دستیابی اور ریسکیو اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکموں کے افسران نے اپنی تیاریوں اور انتظامات سے متعلق بریفنگ بھی دی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، واسا، ستھرا پنجاب، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹیز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سول ڈیفنس، ہائی ویز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں