ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کا امن و مذہبی ہم آہنگی کے لیے علماء، تاجروں اور شہریوں کے تعاون پر زور

بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ ضلع میں امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام، انجمن تاجران، اقلیتی برادری اور شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، جبکہ ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام کے مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ علماء ہمیشہ اتحاد، مذہبی رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں اور موجودہ حالات میں ان کی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔

ڈی پی او محمد عمران نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام، اقلیتی برادری اور انجمن تاجران سے اپیل کی کہ وہ باہمی اتحاد، برداشت، مذہبی ہم آہنگی اور قانون کی پاسداری کے فروغ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھیں تاکہ ضلع میں امن و امان کی فضا مزید مستحکم ہو۔

اجلاس میں ضلع بھر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال، مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب رواداری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع میں امن، اتحاد اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام، اقلیتی برادری کے نمائندگان، انجمن تاجران کے عہدیداران اور متعلقہ سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں