تعمیراتی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور پیشہ ورانہ اصولوں کو مقدم رکھا جائے: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر

بہاولنگر: ڈپٹی کمشنربہاولنگرسید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر کے تعمیراتی منصوبوں میں معیار پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام کام مقررہ تعمیراتی معیار اور تکنیکی اصولوں کے مطابق مکمل کیے جائیں۔تعمیراتی کام کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے اوراستعمال ہونے والے میٹریل کے معیارکو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ پائیدار اورمحفوظ تعمیراتی تقاضوں کے مطابق پایۂ تکمیل تک پہنچ سکے۔

انہوں نے زیرِ تعمیربہاولنگر میڈیکل کالج کے معائنہ کے موقع پرمتعلقہ افسران سے مزید کہا کہ تعمیراتی منصوبے کی نگرانی میں شفافیت، معیار اور پیشہ ورانہ اصولوں کو مقدم رکھا جائے، جبکہ کسی بھی مرحلے پر ناقص میٹریل یا غیر معیاری کام کو برداشت نہ کیا جائے۔عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیرِ تعمیر میڈیکل کالج کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر معیاری انداز میں مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام مراحل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کام میں تاخیر سے بچنے کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور کام کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل کالج کے معائنہ کے موقع پرمتعلقہ افسران اور تعمیراتی عملے سے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ لی۔

متعلقہ خبریں