بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر کی غیر معیاری ادویات کی روک تھام اور نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن قواعد کے مطابق کرنے کی ہدایت
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا مقصد ادویات کے معیار کو یقینی بنانا، غیر معیاری اور جعلی ادویات کی روک تھام اور عوام کو محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے قانونی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی صحت کے تحفظ، ادویات کی دستیابی اور ڈرگ قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ متعلقہ ادارے ادویات کے معیار کی نگرانی کریں اور قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ ضلع بہاولنگر کے امور، ادویات کے معیار، ڈرگ قوانین پر عمل درآمد اور دیگر متعلقہ معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے عمل پر بھی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کی جائے اور ضروری دستاویزات سمیت تمام قانونی تقاضوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کو منظم انداز میں جاری رکھنے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی۔