ڈپٹی لمشنر کی صدارت میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنربہاولنگرسید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ مارکیٹوں میں کھانے پینے کی اشیا کی سرکاری نرخ ناموں پرفروخت پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس میں موجود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس و دیگر افسران سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہےچنانچہ متعلقہ افسران مارکیٹوں میں باقاعدگی سے چیکنگ کا عمل جاری رکھیں اور مصنوعی مہنگائی، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد اور عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے منظور شدہ نرخوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اشیائے ضروریہ کے ریٹس پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور عوامی مفاد میں قیمتوں کے تعین پر غور کیا گیا۔اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندگان سے بھی کہا گیا کہ وہ حکومت پنجاب کے مقرر کردہ نرخوں پرعملدرآمد اور عوام کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔