ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کا پارکوں، فلٹریشن پلانٹس اور نکاسیٔ آب کے نظام کا دورہ، مرحلہ وار تزئین و آرائش کی ہدایت

بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر کے تمام پارکوں کی مرحلہ وار تزئین و آرائش کی جائے تاکہ شہریوں، خصوصاً بچوں، کو بہتر اور محفوظ تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔ مختلف پارکوں، فلٹریشن پلانٹس، برساتی نالوں اور نکاسیٔ آب کے نظام کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام فلٹریشن پلانٹس کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور شہریوں کو صاف اور معیاری پینے کے پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی، سیوریج اور نکاسیٔ آب کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا اور جہاں ناقص صفائی یا رکاوٹیں پائی گئیں وہاں فوری اصلاحی اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے عوامی ریلیف کو اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے برساتی نالوں اور ڈرینوں کی بروقت صفائی یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ صاف ستھرا ماحول، مؤثر سیوریج نظام، نکاسیٔ آب کی بہتر سہولیات اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، جس میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد وسیم، واسا، دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیمیں بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔

متعلقہ خبریں