ڈپٹی کمشنر کے بہاولنگراورمنچن آباد کے مختلف علاقوں کے دورے
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہروں میں صفائی اور سیوریج کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
بہاولنگر اور منچن آباد کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران انہوں نے واسا اور بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول، بہترین شہری سہولیات اور معیاری انفراسٹرکچر کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے صفائی مہم میں مزید تیزی لائی جائے اور نکاسی آب کے نظام کو ہر صورت فعال رکھا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے منچن آباد کے مختلف علاقوں، سرکاری دفاتر اور تحصیل ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی، نکاسی آب، شہری سہولیات، علاج معالجے کی خدمات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار و معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات فوری طور پر بہتر بنائے جائیں، سرکاری خدمات کے معیار میں بہتری لائی جائے اور تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں۔ اس موقع پر تحصیل اور ضلعی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔