بہاولنگر میں کم پیمائش اور ناقص معیار پر ڈپٹی کمشنر کا کریک ڈاؤن اورمتعدد پٹرول پمپس کو جرمانہ
بہاولنگر (نمائندہ خصوصی): ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے ضلع بھر میں کم پیمائش اور ناقص معیار کی پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو مقررہ پیمائش اور معیاری پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
مختلف علاقوں میں پٹرول پمپس کے اچانک دوروں کے دوران ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز باقاعدگی سے پٹرول پمپس کا معائنہ کریں، پیمائش اور معیار کی جانچ یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لا کر روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی، شارٹ میژرنگ یا ناجائز منافع خوری ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
دورے کے دوران بعض پٹرول پمپس پر شارٹ میژرنگ ثابت ہونے پر ڈپٹی کمشنر نے ذمہ دار مالکان کو موقع پر جرمانے عائد کیے اور متعلقہ افسران کو فوری قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت جاری کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)، پیرا (PERA) فورس کے افسران و اہلکار اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔