ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کا سرکاری دفاتر کا دورہ، شہریوں کو باعزت اور بروقت سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

بہاولنگر (نمائندہ خصوصی): ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد مختلف ضلعی دفاتر، ریکارڈ سینٹر اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ سرکاری دفاتر میں آنے والے ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر بروقت حل کیا جائے۔انہوں نے ضلع و تحصیل افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر وقت دستیاب رہیں اور تمام سرکاری اداروں میں میرٹ، شفافیت اور بہترین سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے سرکاری دفاتر میں انتظار گاہوں، ٹوکن سسٹم، پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو خوشگوار اور سہل ماحول میں سرکاری خدمات فراہم کی جائیں۔اس موقع پر انہوں نے عارضی ریکارڈ سینٹر کا بھی تفصیلی معائنہ کیا، جہاں سروس ڈیلیوری، دفتری امور اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور تجاویز سنیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، شفاف اور باعزت خدمات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے ڈی سی آفس کمپلیکس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تمام برانچوں میں جا کر افسران اور ملازمین سے ملاقات کی اور دفتری امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، ریکارڈ کی بہتر دیکھ بھال، نظم و ضبط، دفتر آنے والے سائلین کے لیے مناسب بیٹھنے کی جگہ، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے شہر کے مختلف علاقوں کا بھی دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، شہری سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) جام آفتاب احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد وسیم اور مختلف متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں