ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کا اراضی ریکارڈ سنٹر کا دورہ

بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نےکہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اوراوپن ڈور پالیسی کے تحت ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے چنانچہ سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کو عزت، سہولت اور بروقت سروسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر کے دورہ کے موقع پر مزید کہا کہ عوامی شکایات کو محض کارروائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ ان کے عملی اور فوری حل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اور سرکاری اداروں میں شفاف، آسان اور بہتر سروس ڈیلیوری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں فائر فائٹنگ اور فائر سیفٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری حفاظتی انتظامات مکمل اور فعال حالت میں رکھے جائیں۔

انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں موجود شہریوں سے براہ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل و مشکلات سنیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو شہریوں کے مسائل فوری طور پر حل کرنے اورعوام کو بلاوجہ انتظار یا مشکلات سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے سنٹر میں شہریوں کے لیے دستیاب سہولیات، جن میں بیٹھنے کا مناسب انتظام، ٹھنڈا پانی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں، کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری اداروں میں بہتر ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ خبریں