اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام: بہاولنگر میں 97 مستحق افراد میں زرعی اراضی کے لیز لیٹرز تقسیم
بہاولنگر: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "اپنا کھیت، اپنا روزگار پروگرام” کے تحت ضلع بہاولنگر میں 97 مستحق افراد میں زرعی اراضی کے لیز لیٹرز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ یہ منصوبہ زرعی شعبے کی ترقی، دیہی معیشت کے استحکام اور بے زمین کسانوں کو بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد مستحق افراد کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ پروگرام کے تحت مستحق افراد کو پانچ ایکڑ تک زرعی اراضی لیز پر فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ کاشتکاری کے ذریعے خود کفیل بن سکیں اور اپنی معاشی حالت بہتر بنا سکیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی میاں فدا حسین کالو وٹو نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت ہے اور اس سے مستحق خاندانوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے ہوئے ہے۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ اور ایم پی اے میاں فدا حسین کالو وٹو نے مجموعی طور پر 97 مستحق افراد میں زرعی اراضی کے لیز لیٹرز تقسیم کیے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، مختلف محکموں کے افسران، متعلقہ اداروں کے نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس پروگرام کو زرعی ترقی اور دیہی خوشحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔