پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 1,600 کلو غیر معیاری مایونیز تلف
بہاولنگر (نمائندہ خصوصی) پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولنگر نے خوراک میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی 1,600 کلوگرام (40 من) غیر معیاری اور مضرِ صحت مایونیز تلف کر دی۔
ترجمان کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے نیو ٹاؤن بہاولنگر میں قائم مایونیز تیار کرنے والے ایک یونٹ کی انسپکشن کے دوران مایونیز کے نمونے حاصل کرکے تجزیے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی لیبارٹری بھجوائے۔ لیبارٹری رپورٹ میں مایونیز مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث غیر معیاری قرار دی گئی۔
حکام کے مطابق مذکورہ مایونیز ضلع بھر کے مختلف فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کی جانی تھی، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے پوری کھیپ کو تلف کر دیا گیا تاکہ غیر معیاری خوراک شہریوں تک نہ پہنچ سکے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی خصوصی ہدایات پر وزیراعلیٰ پنجاب کے "ملاوٹ سے پاک پنجاب” مشن کے تحت خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور محفوظ و معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں انسپکشن اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا۔