ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کا عوامی ریلیف پر زور، وزیراعلیٰ پنجاب کے KPIs پر سخت عملدرآمد کی ہدایت

بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو بروقت ریلیف اور معیاری بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام سرکاری افسران کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، محنت اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔

اپنے دفتر میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تمام عوامی فلاحی اقدامات حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ ان میں صفائی ستھرائی، سیوریج کی بہتری، صاف پانی کی فراہمی، صحت و تعلیم کی خدمات، عوامی شکایات کا فوری ازالہ، مہنگائی پر قابو پانا، پرائس چیکنگ، انسداد تجاوزات، شجرکاری، خوبصورت اور صاف شہر، سرکاری دفاتر میں بہتر سروس ڈیلیوری اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی بروقت فراہمی شامل ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے مقرر کردہ کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے گی اور کسی بھی محکمے کی غفلت یا ناقص کارکردگی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے، نکاسی آب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، سرکاری دفاتر میں آنے والے شہریوں کے ساتھ باعزت رویہ اختیار کرتے ہوئے انہیں بروقت سہولیات فراہم کی جائیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی اور عوامی فلاحی پروگراموں کے مؤثر نفاذ کے لیے تمام محکمے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں۔

اجلاس میں مختلف محکموں کے سربراہان نے جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی سہولیات اور فلاحی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کی کارکردگی، اہداف اور درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

متعلقہ خبریں