بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر کا جناح لائبریری اور ستلج پارک کا دورہ، ترقیاتی کاموں کا معیار یقینی بنانے کی ہدایت
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ عوامی تفریحی مقامات کی بہتری، شجرکاری کے فروغ اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ ترقیاتی و تعمیراتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے ترقیاتی کاموں، زیر تعمیر جناح لائبریری اور ستلج پارک کے تفصیلی دورے کے موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی امور، کام کے معیار اور پارک کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے اور تمام منصوبے مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ زیر تعمیر جناح لائبریری کا معائنہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے لائبریری کی تعمیر میں معیاری میٹریل کے استعمال، تعمیراتی معیار اور کام کی رفتار یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں، بالخصوص طلبہ و طالبات کو مطالعے اور علمی سرگرمیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے ستلج پارک میں موجود پودوں، گرین بیلٹس، پلاٹس اور شجرکاری کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پودوں کی مناسب دیکھ بھال، باقاعدہ آبپاشی، صفائی ستھرائی اور پارک کے سبزہ زاروں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پارک کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور شہریوں کو صاف ستھرا، سرسبز اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔