بہاولنگر چڑیا گھر میں سہولیات کا فقدان، شہریوں کی انتظامیہ پر تنقید

بہاولنگر: بہاولنگر میں شہریوں کی تفریح کے لیے قائم سرکاری چڑیا گھر بنیادی سہولیات کی کمی، ناقص دیکھ بھال اور خستہ حالی کے باعث عوامی تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے چڑیا گھر کی دیکھ بھال اور جانوروں کی خوراک سمیت دیگر اخراجات کے لیے باقاعدہ فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں، تاہم زمینی صورتحال ان دعوؤں کی عکاسی نہیں کرتی۔ 

شہریوں کے مطابق چڑیا گھر میں بچوں اور فیملیز کے لیے مناسب بیٹھنے کی جگہیں، صاف ستھرا ماحول، کھیل کے محفوظ مقامات اور دیگر بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں، جبکہ متعدد مقامات خستہ حالی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کئی حصوں کی حالت کھنڈرات جیسی دکھائی دیتی ہے، جس سے تفریح کے لیے آنے والے خاندان شدید مایوسی کا شکار ہوتے ہیں۔

مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامی غفلت، ناقص نگرانی اور مبینہ بدعنوانی کے باعث چڑیا گھر کی حالت دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ اگر حکومتی گرانٹس بروقت فراہم کی جا رہی ہیں تو ان کے استعمال اور ترقیاتی کاموں کے نتائج بھی عوام کو نظر آنے چاہئیں۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چڑیا گھر کی مالی اور انتظامی امور کا شفاف آڈٹ کرایا جائے، سہولیات کی بحالی، صفائی، مرمت اور بچوں و فیملیز کے لیے بہتر تفریحی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ یہ عوام کے لیے ایک معیاری تفریحی مقام بن سکے۔

متعلقہ خبریں