مون سون سیزن اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں ڈرینوں، برساتی نالوں اور نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے: ثاقب علی عطیل رکن وزیراعلیٰ انسپیکشن ٹیم

چشتیاں (نمائندہ خصوصی): وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپیکشن ٹیم کے رکن ثاقب علی عطیل نے ہدایت کی ہے کہ مون سون سیزن اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع بھر میں ڈرینوں، برساتی نالوں اور نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع نہ ہو اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں مون سون سے نمٹنے کے حفاظتی اقدامات، ڈرینیج سسٹم، نالوں کی صفائی، نکاسی آب اور شہری سہولیات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران نے بریفنگ بھی دی۔

ثاقب علی عطیل نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں مسلسل مانیٹرنگ، بروقت کارروائی اور عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

بعد ازاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بہاولنگر کا دورہ کیا، جہاں مختلف وارڈز، ایمرجنسی، ادویات کی دستیابی، صفائی، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری سمیت مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں۔

انہوں نے ایک خصوصی اجلاس میں ضلع بہاولنگر کی ترقیاتی سکیموں، سالانہ بجٹ، جاری منصوبوں، پارکس کی بحالی، شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کے رکن نے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں، جبکہ عوامی منصوبوں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پارکس، گرین بیلٹس، شجرکاری، صفائی اور شہر کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد نے بتایا کہ ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو بہتر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) جام آفتاب احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد وسیم، اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر اور مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں