بہاولنگر: ڈپٹی کمشنربہاولنگرسید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوجوان نسل میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے آگاہی کے لیے مختلف سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پرنوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے اور طلباء و طالبات میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ پبلک سکول بہاولنگر میں کاؤنٹرنارکوٹکس فورس کے زیر اہتمام تقریری مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ نوجوان نسل ہمارا قیمتی اثاثہ ہے، اسے منشیات کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگرامزاور مثبت سرگرمیوں کا انعقاد ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کرکے انہیں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔تقریری مقابلوں میں مختلف سکولز اور کالجز کے طلباء و طالبات نے شرکت کی اور منشیات کے انسانی صحت، تعلیم اور معاشرے پر منفی اثرات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ مختلف سرکاری محکموں کے افسران، طلباء و طالبات، اساتذہ اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ پبلک سکول پروفیسر شفیق احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے تقریری مقابلوں میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں تعریفی اسناد اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔