تھانہ بخشن خاں پولیس بے بس، چور بیوہ خاتون کے 54 لاکھ کے زیورات لے اُڑے
چشتیاں: نواحی چک 11 فورڈ واہ میں چار نامعلوم چوروں نے ایک بیوہ خاتون کے گھر میں ڈکیتی کی واردات کو انجام دیتے ہوئے 54 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور 5 لاکھ 60 ہزار روپے نقدی چوری کر لی۔ تھانہ بخشن خاں پولیس کی ناقص کارکردگی اور بروقت کارروائی نہ کرنے پر شہریوں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
متاثرہ خاتون سلمی بی بی بیوہ طارق عزیز کے مطابق وہ علی الصبح فجر کی نماز پڑھنے کے لیے اٹھی تو دیکھا کہ رہائشی کمرے کا سامان بکھرا ہوا تھا اور دو سیف الماریوں کے تالے ٹوٹے ہوئے تھے۔ چور 12 تولہ سونا اور نقدی لے کر فرار ہو گئے۔
تھانہ بخشن خاں پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف دفعات 380 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع تو کر دی ہے لیکن اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ پولیس کی سست رفتار کارروائی نے شہریوں کو مزید پریشان کر دیا ہے۔
چک 11 فورڈ واہ کے معززین نے ڈی ایس پی چشتیاں اور ڈی پی او بہاولنگر سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ اگر تھانہ بخشن خاں پولیس نے بروقت کارروائی کی ہوتی تو چوروں کے حوصلے بلند نہ ہوتے۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے بھی اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور متاثرہ خاتون کو انصاف دلایا جائے۔