دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر تمام ادارے الرٹ، ڈپٹی کمشنر کا ریسکیو 1122 کی مشقوں کا جائزہ

بہاولنگر : ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں اور دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔

وہ دریائے ستلج کے مقام پر ریسکیو 1122 کی جانب سے منعقدہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائز کا معائنہ کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام محکمے باہمی رابطے، مکمل ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ریسکیو بوٹس، کشتیاں، لائف جیکٹس، ایمبولینسز، مواصلاتی نظام، ڈی واٹرنگ مشینری اور دیگر امدادی آلات ہر وقت فعال حالت میں رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔

انہوں نے ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی جانب سے کیے گئے حفاظتی انتظامات، دستیاب مشینری اور امدادی وسائل کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام ادارے اپنی استعداد کار کو مزید بہتر بنائیں۔

موک ایکسرسائز کے دوران سیلاب کی فرضی صورتحال میں شہریوں کے محفوظ انخلا، ریسکیو آپریشن، ابتدائی طبی امداد، متاثرین کی منتقلی اور دیگر ہنگامی اقدامات کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، جس کا مقصد مختلف اداروں کی تیاری اور باہمی رابطے کو جانچنا تھا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر، اسسٹنٹ کمشنر عارف والا، ریسکیو 1122 کے افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں