اختیارات کا ناجائز استعمال، کرپشن اور شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی: ڈی پی او بہاولنگر
بہاولنگر: ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ذمہ داری ہےاور مقدمات کی تفتیش کو میرٹ پر اور شفاف طریقے سے جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس عمل میں کسی بھی قسم کی ناانصافی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ضلعی اینٹی کرائم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آیا جائے اور ایف آئی آرکے اندراج میں کسی بھی قسم کی لیت و لعل یا تاخیر نہ کی جائے۔
انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات کا ناجائز استعمال، کرپشن اور شہریوں کے ساتھ بدسلوکی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی اور غفلت برتنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی پی اوبہاولنگر نے جرائم پیشہ عناصر اور معاشرے کے ناسوروں کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سنگین جرائم کے خلاف جاری آپریشنز، اشتہاری و عدالتی مفروران کی گرفتاری اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او نے تمام تھانوں کی انفرادی کارکردگی رپورٹ کا خود معائنہ کیا اور سٹریٹ کرائم، ڈکیتی، چوری، اور منشیات فروشی کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کے سخت احکامات جاری کیے