ہارون آباد: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنا اور مشکل وقت میں ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تحصیل ہسپتال ہارون آباد میں کارڈیک وارڈ کے قیام اورمفت میت منتقلی گاڑی کی فراہمی جیسے اقدامات عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے تحصیل ہسپتال ہارون آباد میں کارڈیک وارڈ کے قیام کا سنگ بنیاد، مفت میت منتقلی سروس کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی فلاح و بہبود، صحت کی سہولیات میں بہتری اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔کارڈیک وارڈ کے قیام کا مقصد ہارون آباد اور گردونواح کے عوام کو دل کے امراض سے متعلق طبی سہولیات مقامی سطح پر فراہم کرنے میں مدد دیناہے تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کے لیے بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت کم ہو اور انہیں اپنے علاقے میں بہتر طبی سہولیات میسرآ سکیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ اور وائٹل گروپ کے ڈائریکٹرو رکن صوبائی اسمبلی چوہدری غلام مرتضیٰ نے ریسکیو سروس کے تحت ہسپتال سے وفات پانے والے افراد کی میتیں ان کے گھروں تک مفت منتقل کرنے کی سہولت کا افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری غلام مرتضیٰ کے ہمراہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں کارڈیک وارڈ کے قیام کے سلسلے میں سنگ بنیاد کی تقریب میں حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر اور ایم پی اے نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔تقریب میں متعلقہ محکموں کے افسران، ڈاکٹرز، سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔