بہاولنگر پولیس کی ماہانہ کارکردگی، 1,390 ملزمان گرفتار، تقریباً 60 لاکھ روپے کا مسروقہ مال برآمد
بہاولنگر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران نے کہا ہے کہ ضلعی پولیس نے گزشتہ ماہ جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 1,390 ملزمان کو گرفتار کیا، جبکہ 59 لاکھ 78 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کیا۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی پی او محمد عمران نے بتایا کہ پولیس نے مختلف مقدمات میں ملوث 1,390 ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کیا، جبکہ تین خطرناک جرائم پیشہ گینگ بے نقاب کرتے ہوئے ان کے آٹھ ارکان کو گرفتار کیا اور شہریوں سے لوٹا گیا قیمتی سامان بھی برآمد کر لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائی کے دوران 53 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے 53 غیر قانونی ہتھیار برآمد ہوئے۔
منشیات فروشوں کے خلاف مہم کے دوران 192 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 31 کلو 950 گرام چرس، ایک کلو 140 گرام ہیروئن، ایک کلو 910 گرام آئس، 4,465 لیٹر شراب اور 1,033 لیٹر لہن برآمد کی گئی۔
ڈی پی او کے مطابق اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائی میں اے کیٹیگری کے 97، بی کیٹیگری کے 262 اشتہاری ملزمان اور 136 عدالتی مفروران کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی پولیس کے خدمت مراکز پر گزشتہ ماہ 14,170 شہریوں کو مختلف پولیس سروسز فراہم کی گئیں۔
محمد عمران نے کہا کہ بہاولنگر پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے شب و روز سرگرم عمل ہے، جبکہ عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ جرائم پیشہ عناصر کی اطلاع فوری طور پر 15 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ امن و امان کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔