ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی بارش کے بعد نکاسی آب آپریشن کی خود نگرانی، فوری ریلیف یقینی بنانے کی ہدایت

بہاولنگر (نمائندہ خصوصی): ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں بارش کے بعد نکاسی آب کے آپریشن کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے خود نکاسی آب کے کام کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے میں بارش کا پانی کھڑا رہنا ہرگز قابل قبول نہیں، اس لیے تمام ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی فوری نکاسی یقینی بنائیں اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ کریں۔

سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا غفلت یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واسا اور ستھرا پنجاب پروگرام کی ٹیموں کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل، مشینری اور ڈی واٹرنگ پمپس بروئے کار لا کر نکاسی آب کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ضلعی انتظامیہ، واسا اور ستھرا پنجاب پروگرام کے افسران کے ہمراہ مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس اور عملے کی کارکردگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔

متعلقہ خبریں