ڈی پی او بہاولنگر کی محرران کو میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت یقینی بنانے کی ہدایت
بہاولنگر (نمائندہ خصوصی): ڈی پی او بہاولنگر محمد عمران نے کہا ہے کہ تھانہ سطح پر میرٹ اور شفافیت کو برقرار رکھنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ محرران تھانوں کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے وہ تھانوں میں آنے والے شہریوں اور سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
انہوں نے اپنے دفتر میں چشتیاں، ہارون آباد، فورٹ عباس، منچن آباد اور بہاولنگر کی تمام تحصیلوں کے تھانہ جات کے محرران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام تھانوں کا دفتری ریکارڈ فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مال خانوں میں موجود مالِ مقدمہ کا ریکارڈ درست رکھا جائے اور اس کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ دفتری امور اور ریکارڈ کی تکمیل میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سائلین کی قانونی داد رسی اور ان کے ساتھ حسن سلوک ہر پولیس اہلکار کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
محمد عمران نے محرران کو تھانوں میں صفائی ستھرائی، سرکاری املاک کی حفاظت اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد تھانوں کے دفتری ریکارڈ کی سو فیصد تکمیل، آئی ٹی سسٹمز کی اپ گریڈیشن اور عوامی رابطوں کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانا ہے۔