ڈی پی او بہاولنگر کا سخت ایکشن پلان، اشتہاری، منشیات فروش اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم
بہاولنگر: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگر محمد عمران نے ہدایت کی ہے کہ ضلع بھر میں اشتہاری اور عادی مجرمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں مزید تیز کی جائیں۔
ڈی پی او نے ضلع بھر کے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ منعقدہ کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ڈکیتی، چوری، منشیات فروشی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
محمد عمران نے مزید کہا کہ عوامی مقامات، حساس علاقوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس گشت (پٹرولنگ) کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ جرائم کی روک تھام کے ساتھ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
کرائم میٹنگ میں چشتیاں، ہارون آباد، فورٹ عباس، منچن آباد اور بہاولنگر سمیت ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ بھی لیا گیا۔ اجلاس میں جرائم کے خاتمے کے لیے حکمت عملی کو مزید مؤثر بنانے اور پولیس کی کارکردگی بہتر کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
ڈی پی او نے واضح کیا کہ فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بہاولنگر پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔