بہاولنگر:سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن اتھارٹی بہاولنگر ڈاکٹر شوکت علی نےکہا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کی صحت، نشوونما اور قوتِ مدافعت کے لیے قدرت کا بہترین تحفہ ہےجبکہ خدا نے بھی قرآن مجید کی سورت البقرا میں ماں کو اپنے بچے کو دو سال تک دودھ پلانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے محکمہ ہیلتھ اینڈ پاپولیشن بہاولنگرکے زیراہتمام ماں کے دودھ کی اہمیت وافادیت کے عالمی ہفتہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بریسٹ فیڈنگ ویک کا بنیادی مقصد ماں کے دودھ کو ترجیحی حق کے طور پر اجاگر کرنا اور کمیونٹی کی سطح پراس حوالے سے پائیدار معاون نظام کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ نومولود بچے کو پیدائش کے فوراً بعد ماں کا دودھ شروع کروایا جائے اور مائیں اپنے بچوں کو دو سال کی عمر تک اپنا دودھ پلائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ 26 ستمبر تا 2 اکتوبر2026 تک لیڈی ہیلتھ سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز، کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرزاوردیگرفیلڈ اسٹاف ہفتہ بھرگھرگھرجا کرماؤں اورخاندانوں کو ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہی فراہم کریں۔ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر محمد وقاص نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماں کا دودھ بچے کی صحت، نشوونما اور قوتِ مدافعت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے ماں اور بچے دونوں کی صحت کے حوالے سے بریسٹ فیڈنگ کے طبی فوائد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ ماؤں کو بچوں کو اپنا دودھ پلانے کے حوالے سے بھرپور آگاہی اور معاونت فراہم کرنا ضروری ہے۔ تقریب کے اختتام پر ماں کے دودھ کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں محکمہ صحت کے افسران، ہیلتھ مینیجرز، لیڈی ہیلتھ سپروائزرز، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر متعلقہ عملے نے شرکت کی۔