یومِ شہدائے پولیس: بہاولنگر پولیس نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا، ڈی پی او کا قربانیوں کو سلام
بہاولنگر (نمائندہ خصوصی): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولنگر محمد عمران نے کہا ہے کہ ملک و قوم کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا، جبکہ وہ خاندان قابلِ فخر ہیں جن کے جوانوں نے وطن دشمن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے دوران اپنی جانیں وطن پر قربان کیں۔
وہ یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر بہاولنگر پولیس کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک نجی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
ڈی پی او محمد عمران نے کہا کہ "ہم نے پہلے بھی اس پاک سرزمین کے لیے اپنا خون بہایا ہے اور آئندہ بھی ملک و قوم کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے۔ ہم اپنے شہداء کو نہیں بھولے، کیونکہ جو قومیں اپنے شہیدوں کو فراموش کر دیتی ہیں، تاریخ بھی انہیں ہمیشہ کے لیے فراموش کر دیتی ہے۔ شہدائے پولیس ہمارا فخر ہیں۔”
تقریب سے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کے اہلِ خانہ کی خدمات کو سراہا۔
یومِ شہدائے پولیس کے سلسلے میں عبدالرزاق شہید پولیس لائن بہاولنگر میں دن کا آغاز قرآن خوانی سے کیا گیا، جبکہ بعد ازاں شہداء کے اہلِ خانہ کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ضلعی انتظامیہ، پاک آرمی، رینجرز، سول سوسائٹی، انجمن تاجران اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر افسران نے شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، شہداء کے بچوں اور خاندانوں میں تحائف اور مٹھائی تقسیم کی گئی، جبکہ ڈی پی او محمد عمران نے شہداء کے اہلِ خانہ اور بچوں کے ساتھ بیٹھ کر ظہرانہ بھی کیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہدائے پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔