بہاولنگر: شدید گرمی کے موسم میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال بہاولنگر میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں روزانہ انتظامی افسران کے دوروں کے باوجود مریضوں کو شدید گرمی سے بچانے کے لیے مؤثر انتظامات نہیں کیے جا رہے۔
مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کے مطابق ہسپتال کے بڑے ہالز میں نصب بیشتر کولر یا تو مکمل طور پر خراب ہیں یا انتہائی غیر مؤثر انداز میں کام کر رہے ہیں، جس کے باعث ٹھنڈی ہوا کے بجائے گرم ہوا خارج ہو رہی ہے۔ شدید حبس اور گرمی نے ہسپتال کا ماحول مریضوں، بزرگوں، خواتین، بچوں اور ان کے تیمارداروں کے لیے انتہائی تکلیف دہ بنا دیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں سے علاج کی غرض سے آنے والے غریب مریض اور ان کے لواحقین شدید گرمی میں گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جبکہ مناسب ٹھنڈک اور آرام دہ ماحول نہ ہونے کے باعث مریضوں کی صحت بھی مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال میں نصب کولرز اور دیگر کولنگ سسٹمز کی فوری مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔
عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈی ایچ کیو ہسپتال اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ہسپتال میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔