کاشتکارگندم کی بروقت اور زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنانے کے لئے جدید زرعی طریقوں کو اپناتے ہوئے محکمہ زراعت کی سفارشات پرعمل کریں: ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت

ہارون آباد: ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت (توسیع) ضلع بہاولنگرمہرطالب حسین نے کہا ہے کہ کاشتکارگندم کی بروقت اور زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں اورڈرل و سپرسیڈرز سمیت جدید زرعی طریقوں کو اپناتے ہوئے محکمہ زراعت کی سفارشات پرعمل کریں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے پروگرام ’’زیادہ گندم اگاؤ مہم‘‘ کے تحت تحصیل ہارون آباد میں مقامی شادی ہال میں گندم کی زیادہ پیداوار کے حوالے سے میگا فارمرزسیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ تصدیق شدہ اقسام کے معیاری بیج کا استعمال، بروقت ڈرل کے ذریعے کاشت، کھادوں کا متوازن استعمال، جڑی بوٹیوں کا مؤثر تدارک اور آبپاشی کا مناسب انتظام گندم کی فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔اس موقع پرمہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد ڈاکٹربابرسلیمان نے گندم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے گندم کی کاشت اور پیداوار میں اضافے کے لیے فراہم کردہ سہولیات اور جاری کردہ ہدایات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سرکاری اراضی پر بھی گندم کی کاشت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

سیمینار سے خظاب کے دوران اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) ہارون آباد ریحان عالم،سینئرایگریکلچرآفیسر محمد الیاس نے تقریب کے اغراض و مقاصد وزیراعلیٰ پنجاب کے زرعی اقدامات، کسان کارڈ، سموگ سے بچاؤ کے اقدامات اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے اہم زرعی عوامل سے آگاہ کیا۔کاشتکاروں کو گندم کی بہتر پیداوار، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ اور ملکی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کی ترغیب دی گئی۔سیمینارکی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولنگرمہرطالب حسین نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ہارون آباد ڈاکٹربابرسلیمان مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں 150 سے زائد کاشتکاروں نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں