ڈپٹی کمشنربہاولنگر کاستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کا معائنہ
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنربہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری اداروں اورعوامی مقامات پر صفائی، انتظامی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ مانیٹرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔انہوں نے بہاولنگر کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں، سڑکوں، گرین بیلٹس اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کے معائنہ کے موقع پر مزید کہا کہ متعلقہ محکموں کے افسران عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، تعلیمی اداروں میں بہتر انتظامات، شہر کی خوبصورتی، صفائی ستھرائی اور گرین بیلٹس کی مناسب دیکھ بھال کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے پرائمری سکول نزد مہاجر کالونی گاہوشالا اور گورنمنٹ ہائی سکول بیر والا کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی انتظامات، سکولوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری، طلبہ کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات اور تدریسی ماحول کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے دھانی منی رام، سوائی والا اور دیگر مقامات پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی ستھرائی کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے صفائی کے عمل، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور متعلقہ عملے کی کارکردگی کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔