بہاولنگر میں شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب
بہاولنگر: ڈپٹی کمشنربہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کی بہتری کے لیے ضروری ہے بلکہ انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بھی مثبت اثر ڈالتی ہے۔انہوں نے شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مزید کہا کہ شجرکاری ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، ماحول کو سرسبز و خوبصورت بنانے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے انتہائی اہم ہے، انہوں نے طلبہ اور شہریوں پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر پودے لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج لگایا جانے والا ایک پودا آنے والی نسلوں کے لیے صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کی ضمانت بن سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ ان کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت بھی یقینی بنائی جائے۔ڈپٹی کمشنرنے نہرکے کنارے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر، متعلقہ محکموں کے افسران، سکول کے طلبہ اورشہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی اور شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے۔