کمشنر بہاولپور کا دریائے ستلج پر فلڈ انتظامات کا جائزہ، تمام اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت
بہاولنگر: کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی ریلے کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو مکمل الرٹ رہنے، مشینری اور عملے کو ہر وقت تیار رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ کے ہمراہ منچن آباد کے قریب بابا فرید پل کا دورہ کیا، جہاں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات، ریسکیو آلات، امدادی سامان، مشینری اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام ادارے باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ نے کمشنر کو حساس مقامات کی نگرانی، فلڈ ریلیف اقدامات، انخلاء کے منصوبے اور مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری سے متعلق بریفنگ دی، جبکہ محکمہ آبپاشی، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس حکام نے دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ، فلڈ پلان، ریسکیو آپریشنز اور ریلیف کیمپس کے حوالے سے آگاہ کیا۔
بعد ازاں کمشنر نے منچن آباد میں زیر تعمیر پیرا فورس کی عمارت کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ تعمیراتی کام اعلیٰ معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ ادارہ جلد از جلد فعال ہو سکے۔