شہید محمد ارسلان سرویا کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کردیا گیا۔
کھچی والا (نمائندہ خصوصی): مقولہ "شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے” کی صداقت ایک بار پھر ثابت ہوئی۔ مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سپوتِ قوم محمد ارسلان سرویا کو ان کے آبائی شہر کھچی والا میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔
شہید کی میت پاکستانی پرچم میں لپٹی ہوئی تھی۔ شہید کی وردی ان کے والد محمد ایوب سرویا کے سپرد کی گئی، جس لمحے نے ہر آنکھ کو نم کر دیا۔
اس موقع پر موجود فوجی افسران، سیاسی شخصیات اور عوام نے شہید کے درجات کی بلندی، وطنِ عزیز کی سلامتی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا مانگی۔شرکاء نے یک زبان کہا کہ "شہداء کی قربانیاں قوم کا سرمایہ اور وطن کی عزت و سلامتی کی ضمانت ہیں، جنہیں ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔”پوری قوم شہید محمد ارسلان سرویا کی بلندیِ درجات کے لیے دعا گو ہے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون