ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کی میڈیکل کالج اور جنرل ہسپتال کے منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت
بہاولنگر : ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے ہدایت کی ہے کہ بہاولنگر میڈیکل کالج اور جنرل ہسپتال کے جاری تعمیراتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ انہیں عوام کے لیے فوری طور پر فعال بنایا جا سکے۔ منصوبوں کے دورے کے موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کی جائے، اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور تمام باقی ماندہ امور مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ میڈیکل کالج جلد عملی طور پر آپریشنل ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کے فعال ہونے سے ضلع بہاولنگر سمیت جنوبی پنجاب کے طلبہ کو معیاری طبی تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ شہریوں کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل کالج کے مختلف شعبوں، ڈاکٹرز کی رہائش گاہوں، ہاسٹلز، ایڈمن بلاک اور دیگر عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
بعد ازاں انہوں نے جنرل ہسپتال، جسے سابقہ "مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال” سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف بلاکس میں تعمیراتی معیار، استعمال ہونے والے میٹریل اور منصوبے کی پیشرفت کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے بہاولنگر اور گردونواح کے عوام کو جدید اور معیاری علاج معالجے کی سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی، جس سے مریضوں کو دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔