پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بہاولنگر میں بڑا کریک ڈاؤن، مضر صحت برف اور ملاوٹی مصالحہ جات تیار کرنے والے یونٹس سیل
بہاولنگر (نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی بہاولنگر نے مضر صحت پانی سے برف تیار کرنے اور ملاوٹی مصالحہ جات بنانے والے یونٹس کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک آئس فیکٹری اور گرائنڈنگ یونٹ کو بند کر دیا، 215 کلو ملاوٹی مصالحہ جات تلف کر دیے جبکہ 3 فوڈ بزنس آپریٹرز کو مجموعی طور پر ایک لاکھ 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ زون پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں عارف والا روڈ، مبارک گیٹ اور ماڈل ٹاؤن کے علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ عید گاہ روڈ پر قائم آئس فیکٹری کو پانی میں مضر صحت بیکٹیریا کی موجودگی ثابت ہونے پر بہتری آنے تک سیل کر دیا گیا، جبکہ ماڈل ٹاؤن میں واقع گرائنڈنگ یونٹ کی مصالحہ جات کی پروڈکشن لیبارٹری ٹیسٹ میں سیمپلز فیل ہونے پر فوری طور پر بند کر دی گئی۔ متعلقہ یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ بھی درج کرا دیا گیا۔
اسی دوران قوانین کی خلاف ورزی پر تین ملک کلیکشن سینٹرز کو بھی بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور غیر معیاری و ملاوٹی خوراک کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔