نیب ملتان کی بہاولنگر میں کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی ہدایات

بہاولنگر: چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی ہدایات پر نیب ملتان کی جانب سے ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر میں عوامی مسائل کے فوری ازالے، شفاف احتساب اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب ملتان محمد رمضان نے شہریوں کی مختلف نوعیت کی شکایات اور مسائل سنے۔ اس موقع پر عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ضروری ہدایات جاری کی گئیں، جبکہ متعلقہ محکموں کو شکایات کے فوری ازالے اور مسائل کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر سید محمد عباس شاہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب محمد رمضان نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنا، شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر سننا اور قانون و میرٹ کے مطابق ان کا فوری حل یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ تمام جائز شکایات پر شفاف انداز میں کارروائی کی جائے گی اور کسی بھی معاملے میں میرٹ سے ہٹ کر فیصلہ نہیں ہوگا۔

نیب حکام نے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور احتساب کے شفاف نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسی کھلی کچہریوں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے مسائل متعلقہ فورمز پر پیش کریں تاکہ ان کے حل کے لیے بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں