بارش کے بعد نکاسی آب میں غفلت پر ڈپٹی کمشنر برہم، واسا حکام کی سرزنش، 24 گھنٹے آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت

بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے بارش کے بعد شہر میں نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مختلف شاہراہوں، محلوں اور اہم چوراہوں کا ہنگامی دورہ کیا اور ناقص انتظامات پر واسا حکام کی سرزنش کرتے ہوئے تمام دستیاب مشینری اور عملے کو فوری طور پر فیلڈ میں متحرک رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ نشیبی علاقوں سے بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جائے، شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور 24 گھنٹے کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے ساتھ آپریشن جاری رکھا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے واسا کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق بہترین شہری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور غفلت یا سستی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے رات گئے شہر کی مختلف شاہراہوں، بازاروں، گلیوں اور نشیبی علاقوں کا اچانک دورہ کرکے نکاسی آب کے جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے فیلڈ میں موجود واسا، میونسپل کمیٹی اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں کی کارکردگی کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پانی کی مکمل نکاسی تک آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے۔

متعلقہ خبریں